مٹیاری، 24 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے ضلع مٹیاری کے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے عالمی ہفتہ کا افتتاح کر دیا، مہم کے دوران پیدائش سے 2 سال تک کے بچوں کو 12 بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔
تعلقہ ہسپتال مٹیاری میں منعقدہ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایچ او نے بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے اور حفاظتی ٹیکوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک ریلی کی بھی قیادت کی۔اس موقع پر ڈی ایچ او مٹیاری پیر غلام حسین، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نذیر ملاح، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر بابر حسین اور دیگر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے لیے سب سے اہم ہیں، صحت مند بچہ ہی مستقبل کا معمار ہے،12 خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے 24 اپریل سے 30 اپریل تک پیدائش سے 2 سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے،والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔ انہوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی پر بھی زور دیا کہ وہ مہم کے دوران عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔