مری ،24 اپریل (اے پی پی ): وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ مریمیں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بھرپور انداز میں آپریشن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز کی نگرانی میں کشمیری بازار نیر گول روڈ پر ہیوی میشنری کے ذریعے اپریشن کیا جارہا ہے ۔
اے ڈی سی آر کپٹن ریٹائرڈ قاسم اعجاز کا کہنا تھا کہمذکورہ روڈ پر زیر تعمیر عمارتوں کے متعدد حصے مسمار کر دیئے گئے ہیں ۔آپریشن میں ایم سی، سول ڈیفنس ،پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ روڈ پر موجود تعمیراتی میٹریل کو بھی ضائع کر دیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مری میں تعمیراتی میٹریل لانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ آپریشن کے دوران کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ مری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن بلاتفریق جاری رہے گا ۔