دمہ کے انہیلر کی قلت ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے، اسکی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے؛صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر

16

 

 

لاہور، 24 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں بورڈ کے معاملات، ورکنگ اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری قلندر خان، چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی اور سیکرٹری پی کیو سی بی ڈاکٹر منور حیات نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

 صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر  دمہ کے علاج کی ادویات کے قلت پر  فوری نوٹس لیا گیا ہے۔ دمہ کے انہیلر کی قلت ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے، اسکی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔ ڈرگ کنٹرول کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر صحت کے دونوں محکموں کے سینٹرل ویئر ہاؤسز میں 3,28,165 وینٹولین انہیلر دستیاب ہیں،  رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر  کے ویئر ہاؤس میں 1,42,740 انہیلر جبکہ محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر کے پاس 1,85,425 انہیلرز دستیاب ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ضلعی ٹیموں  نے صرف دو گھنٹوں میں مارکیٹ میں انھیلر کے سٹاک کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے،  انھوں نے کہا کہ قلت کی ذمہ دار کمپنیوں کے خلاف کیس مرتب کر کے صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھجوا دیے جائیں گے۔

خواجہ عمران نذیر  نے کہا کہ متعلقہ کمپنیوں کی باز پرس کیلئے ان کے خلاف اظھار وجوہ کے نوٹس جاری کئے جارھے ہیں، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں انہیلرز کے سٹاک دستیاب ہیں،  صوبائی وزیر صحت نے ہدایت دی کہ جعلی ادویات کی تیاری، ڈرگ انسپکٹرز, پی کیو سی بی میں زیر التوا کیسز کو جلد نمٹائے جائیں۔