وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت، کاشانہ اور ماڈل چلڈرن ہوم کے بچوں نے پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی میچ  اسٹیڈیم میں دیکھا

28

لاہور، 25 اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بے سہارا بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ کاشانہ اور ماڈل چلڈرن ہوم کے بے وسیلہ بچوں نے ہنستے کھلکھلاتے پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کا انتظام کیا  گیا۔

  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ بچوں کو لے کر قذافی سیڈیم کے لئے روانہ ہوئے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر بچوں کے ساتھ ان کی بس میں سوار ہوئے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اقبال حسین اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر آمنہ منیر بھی صوبائی وزیرکے ہمراہ تھیں ۔ بچے پی کیپس پہنے ہوئے تھے، بچے پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے تھے اور ان کے معصوم چہرے خوشی سے منور تھے،بچے خوشی سے کھلکھلا رہے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ۔

اس موقع پر سہیل شوکت بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ہو گی ماں کے جیسی، یہ ماننا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت تھی کہ ان بچوں کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ میچ ضرور دکھایا جائے۔ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بے بد مشکور ہوں کہ وہ ان معصوم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا سبب بنے۔ انہوں  نے کہا کہ آج کا میچ ان بچوں کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ ان بچوں کے لئے صحت اور رہائش کی بہترین سہولیات کے ساتھ آج تفریح کے شاندار مواقع فراہم کرنا بھی ہمارا مشن ہے۔ یہ بچے ہمارے گلشن کے پھول ہیں۔ ان پھولوں کی نگہداشت ہمارا فرض ہے۔

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر  نے کہا کہ یہ بچے معاشرے کے محروم طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کو خوشیاں باہم پہنچانا ہمارا مشن ہے۔ آج ان کے معصوم چہروں کی روشنیوں سے قذافی سٹیڈیم منور ہو جائے گا اور ان کی دعاؤں سے انشاءاللہ آج کا میچ پاکستان ہی جیتے گا۔