وہاڑی،27 اپریل (اے پی پی ):یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس کے زیر اہتمام پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم پی اے و ممبر سینڈیکیٹ میاں ثاقب خورشید ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید اور پرنسپل شیخ اسرار احمد نے کیمسٹری، کمپیوٹر سائنس، فزکس، باٹنی، ایجوکیشن، ریاضی، انگلش، یو ای بزنس سکول کے شعبہ جات کے 417 طلبہ و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے اسناد حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی اور طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء کے لئے ڈگری کا حصول ایک لمحہ فخریہ ہوتا ہے ہفتہ کو ( آج ) جتنی ڈگری دی جا رہی ہیں یہ طلبہ کی محنت کا ثمر ہے اس بار یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے یہ ایک نیا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت تمام طلباء کو ان کے والدین اور اساتذہ کے سامنے اسٹیج پر بلا کر ڈگریوں سے نوازا جا رہا ہے۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شیخ اسرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی میں تقریب تقسیم اسناد منعقد کرانے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور ڈگری حاصل کرنیوالے طلبہ وطالبات کو مبارک دی۔