سرگودھا ,27اپریل (اے پی پی):کمشنر سرگوھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے پرائس کنٹرول میں بری کارکردگی پر ایک مجسٹریٹ کو سرینڈر اور 4 اسسٹنٹ کمشنروں سمیت 9 پرائس کنٹرول مجسٹریٹوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وہ ہفتہ کے روز اپنے کانفرنس روم میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں قائم مقام ڈپٹی کمشنر سرگودہا محسن صلاح الدین، اے سی جی، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کے علاوہ خوشاب،میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کے احکامات جاری کیے۔ ُانہوں نے چاروں اضلاع میں دو مختلف برانڈ کے بناسپتی گھی کی قیمتوں میں اضافہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو متعلقہ افسران اور ڈیلرز سے مل کرقیمتیں کم کرنے کے بعد رپورٹ بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر نے دالوں کی طلب و رسد اور قیمتوں کو بھی مانیٹر کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اُنہوں نے گندم کی قیمت کی روز بروز کمی کا ریلیف عوام تک پہنچانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے رابط کرکے باہمی مشاورت کے بعد روٹی کی قمیت کو مزید کم کرنے کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں مزید کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ڈویژن بھر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت نان اور روٹی کی مقررہ قمیت پر عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ تاہم روٹی کا کم وزن فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر نے تاکید کی کہ ہر تندور پر روٹی اور نان کے مقررہ نرخ نامے بمعہ وزن نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کم از کم دو گھنٹے بازاروں میں گزاریں اور مصروف بازاروں میں اپنے کیمپ آفس بھی بنائیں تاکہ عوام کو احساس ہو کہ ریاست ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہے۔ اجلاس میں ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو بورڈ آف ریونیو کے اہم اقدامات کے حوالے سے ماتحت ریونیو افسران سیفوری اجلاس کرنے کی ہدایت کی۔