ملتان ؛ پرائس کنٹرول مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ

10

ملتان، 27اپریل (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پرائس کنٹرول مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کارکردگی بہتر کرنے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دی جارہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سستی روٹی کی فراہمی اور سرکاری ریٹس پر عملدرآمد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرائس کنٹرول مہم پر تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی شریک ہوئے ۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ مہنگائی کے مرتکب مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کرکے عوام کو ریلیف کیاجائے گا جبکہ منڈیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرکے سستی اشیاءخوردونوش کی فراہمی ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ضلعی افسران فیلڈ میں نکل کر پرائس کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کریں۔