درخت ہمارے دوست ہیں جوہمہ وقت ہمارے لئے آکسیجن پیدا کرنے، تپتی دھوپ میں سایہ مہیا کرتے ہیں؛گورنر پنجاب

20

 

لاہور،27اپریل  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ درخت ہمارے دوست ہیں جوہمہ وقت ہمارے لئے آکسیجن پیدا کرنے، تپتی دھوپ میں سایہ مہیا کرنے اور آب و ہوا کو معتدل رکھنے میں مصروف عمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہائوس لاہورمیں کریسنٹ ماڈل ہائر سکنڈری سکول گرلز کیمپس کی طالبات کے ساتھ مل کر ارتھ ڈے کے حوالے سے پودا لگا نے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ملکی معاشی خوشحالی کے لیے ہمیں بڑھ چڑھ کر درخت لگانے چاہئیں۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ قرآن و حدیث میں درخت لگانے اور ان کی حفاظت کو ایک اہم فریضہ اور صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ آج یہاں گورنر ہائوس میں کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول، گرلز کیمپس کی طالبات نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا ہے ۔