لاہور،2مئی(اے پی پی):صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے صادق عباسی ہسپتال بہاول پورکا دورہ کیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی،آپریشن تھیٹرز،سٹورروم،حاضری رجسٹر اور ری ویمپنگ کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیرصحت نے صادق عباسی ہسپتال بہاولپورمیں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا،ہسپتالوں میں حالات کی بہتری کیلئے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے،ری ویمپنگ منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے ری ویمپنگ کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔