اسلام آباد،07 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف ٹیم رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد ملک میں معاشی استحکام آ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی وزراءعطاءاللہ تارڑاور اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اہداف درست سمت میں جانے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری
آ رہی ہے، لیکن ملکی معیشت کی بہتری کے لئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ٹیکس اصلاحات اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی، جبکہ نجی شعبے کے تعاون سے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات اور پنشن کے اخراجات کو قابو میں لانے کے ضرورت ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ حکومتی سطح پر ہونے والے تمام کام عوام سے شیئر کئے جائیں، سو بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی، سیاسی، اقتصادی اور معاشی استحکام ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور ملکی معیشت کا دارومدار سیاسی استحکام سے ہے اسکے علاوہ ایوان نے ٹیکس قوانین میں اصلاحات کا قانون پاس کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو گئی ہے، جس کی عالمی ادارے بھی توثیق کر رہے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی اخراجات میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے جس کیلئے پنشن اصلاحات تمام سرکاری اداروں پر لاحق کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔