لاہور، 08 مئی ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق تھیلیسیمیاء سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر نور فاؤنڈیشن گارڈن ٹاؤن پہنچ گئے۔اس موقع پر نور فاؤنڈیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔آگاہی واک میں تھیلیسیمیاء کا شکار بچوں نے بھی شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیاء کا شکار بچوں کو تحائف پیش کئے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پہلی بار پنجاب میں تھیلیسیمیاء پروگرام شروع کیا تھا،شادی سے قبل تھیلیسیمیاء کا تشخیصی ٹیسٹ لازمی قرار دینا ہو گا، پنجاب اسمبلی میں اس حوالہ سے قانون سازی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیاء کا شکار بچے ہماری توجہ کے مستحق ہیں، تھیلیسیمیاء کی بیماری پر قابو پانے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ معاشرے میں تھیلیسیمیاء بیماری سے بچاؤ کی آگاہی پھیلانا انتہائی ضروری ہے،نور فاؤنڈیشن تھیلیسیمیاء کا شکار بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔