اسلام آباد، 09 مئی (اے پی پی ): وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر عبدالمعز بخاری نے کہا کہ وفاقی محتسب اپنی حدود کے اندر شکایت کاازالہ کرتا ہے اور سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف شکایت کنندگان کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کر رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد کے دفتر کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور وفاقی حکومت کے اداروں اور محکموں کے خلاف شکایات میں اس کے فوری اور بروقت ریلیف کے طریقہ کار سے واقفیت کے مطالعاتی دورہ پر آئے اے پی پی، یوتھ میڈیا ٹریننگ پروگرام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سینئر ایڈوائزر عبدالمعز بخاری کا کہنا تھا کہ شہری اپنی شکایات کے ازالے کیلئے ادارہ وفاقی محتسب سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کاکام وفاقی اداروں سے متعلق شکایت کی صورت میں باہمی تنازعات اور شکایات کا ازلہ کرکے حل نکلالنا ہوتا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب عدالتوں اور دیگر احتسابی اداروں پر بوجھ کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،بروقت بہت سے کیسز وفاقی محتسب میں حل ہو نے کی بدولت سائلین نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
وفاقی محتسب کے اعداد و شمار کے مطابق 2023میں سرکاری محکموں کی بدانتظامی کیخلاف ریکارڈ 194,099شکایات پر کارروائی کی گئی ، گزشتہ سال کی نسبت سال 2023 میں شکایات پرکارروائی میں18فیصد اضافہ ہوا، شکایات میں سے 193,028 کا ازالہ کیا گیا ، سال 2022 کے مقابلے میں 22 فیصد اضافہ ہوا،وفاقی محتسب کو سال 2023 میں 49,190شکایات آن لائن موصول ہوئیں، گزشتہ سال کی نسبت47 فیصد اضافہ ہوا۔
عبدالمعز بخاری نے کہا کہ موبائل ایپ کے ذریعے 22,321شکایات موصول ہوئیں، سال 2022 کے مقابلے میں 21فیصد اضافہ ہوا،نئے علاقائی دفاتر ، کھلی کچہریوں ، تنازعات کے غیر رسمی حل اور انسپکشن ٹیموں کے دوروں سے شکایات کے ازالے میں مدد ملی اور شکایات کے اندراج میں اضافہ ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر کوئی بھی فریق نظر ثانی کی اپیل کر سکتا ہےجس کا فیصلہ 60دن میں کر دیا جاتا ہے،فیصلوں کے خلاف اپیل صرف صدر پاکستان کو ہی کی جا سکتی ہے ۔
سینئر ایڈوائزر وفاقی محتسب نے کہا کہ وفاقی محتسب ٹیکنالوجی کی مدد سے مقدمات کا جلد ازالہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے دفتر نے ریکارڈ 202367 شکایات پر کارروائی کی ہے۔
اے پی پی کے وفد کے اراکین نے بریفنگ کے بعد اس حوالے سے سوالات کئے اور وفاقی محتسب کی کوششوں کو بھی سراہا۔