فیصل آباد ،09 مئی (اے پی پی):چیئرمین نادرا کی خصوصی ہدایات پرسائلین کے مسائل کے بروقت تدارک اور غیر حل شدہ معاملات کے فوری ازالہ کیلئے ہر ریجن میں کھلی کچہری منعقد کی جائے گی اورہرماہ لوگوں کے پاس پہنچ کرانہیں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا ئے گاجبکہ آج اسی سلسلہ میں فیصل آباد میں عوام کے درمیان موجود ہیں۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل نادرا سرگودھا ریجن ذوالفقار احمد نے نادرا آفس بگ سنٹر بٹالہ کالونی ستیانہ روڈ فیصل آباد میں کھلی کچہری میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سائلین کو تیز تر خدمات کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائیں گے اور اسکی تکمیل کیلئے فیصل آباد کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد یہ ہے کہ ان لوگوں تک پہنچا جائے جن کی بات اگر کسی وجہ سے ہمارا عملہ نہیں سن سکا یا کسی بھی ٹیکنیکل وجہ سے دستاویزات کے حصول میں کوئی تعطل یا رکاوٹ در پیش ہوئی ہے توکھلی کچہری میں ان سائلین کو بیٹھ کر سنیں اور ان کے پیچیدہ مسائل حل کیے جائیں گے۔
ذوالفقار احمد نے کہا کہ کھلی کچہری میں اقلیتوں،ٹرانس جینڈر اور دیگر سائلین نے اپنے مسائل پیش کئے ہیں اورنادرا نے فوری حل طلب مسئلوں کو حل کرنے کی بابت تفصیل سے طریقے بتائے ہیں۔ڈی جی نادرا نے کہا کہ سائلین کے پرانے مسئلوں کے حل کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ انکو ابھی کے ابھی حل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس کھلی کچہری کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگوں تک پہنچ کر ان کے پیچیدہ اور جو دیر سے مسئلے حل نہیں ہو رہے ان کو حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج کی نشست میں 25 سے 30 لوگ تھے تاہم ان سب کے مسائل تھے جن کے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذوالفقار احمد نے کہا کہ آئندہ کھلی کچہری کے انعقاد کے عمل کی اہم مقامات اور سوشل میڈیا پربھرپور تشہیر کی جائے گی تا کہ زیادہ سے زیادہ سائلین کو ریلیف فراہم کیا جائے اور یہی چیئرمین نادرا کی منشا اور مقصد ہے۔