کوئٹہ، 09 مئی (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،پیپلز پارٹی سریاب روڈ یونٹ کے رہنما ولی محمد قلندرانی کی زیر قیادت کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاءنے کہا کہ 9مئی کو ایک افسوس ناک واقعہ رونما ہوا، ایک سیاسی پارٹی نے اپنی ہی افواج پر حملہ کیا اور جناح ہاؤس سمیت شہداءکی یادگاروں پر حملہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ملک وہ کچھ نا کرسکا جو سیاسی جماعت نے کیا،سیاسی جماعت نے عوام اور افواج پاکستان کو لڑانے کی کوشش کی جو کہ پاکستان کی غیرت مند عوام نے ناکام بنادی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
احتجاج میں شامل شرکاءنے کہا کہ پاک آرمی ملکی سرحدوں اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، بلوچستان کی عوام اپنی افواج کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے گئی۔