پاکستان لٹریچر فیسٹیول15تا 16 مئی کو کوئٹہ میں منعقد ہو گا؛ محمد احمد شاہ

26

 

 کوئٹہ،13 مئی(اے پی پی): صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی 15تا 16 مئی کوئٹہ میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول منعقد کرنے جارہا ہے، فیسٹیول میں فنون لطیفہ، سیاست، ادب اور دیگر شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شرکت کریں گی۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے بلوچستان کوئٹہ میں ہونے والے دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2024 (کوئٹہ چیپٹر) کے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس  کرتے  ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے فیسٹیول سے متعلق بریفنگ دی۔ کوئٹہ پریس کلب کے سیکریٹری جنرل بنارس خان اور یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ  نے کہا کہ   ہم نے بلوچی، براوی، پشتو سمیت دیگر مقامی زبانوں کو فیسٹیول کا حصہ بنایا ہے، اس فیسٹیول میں 75فیصد مقامی لوگ شرکت کرینگے، بلوچستان اور سندھ کے قدیم رشتوں پر سیشن ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل پر کھل کر بات ہوگی، میں سیاست دان تو نہیں لیکن معاشرے کا حصہ ضرور ہوں۔

 محمد احمد شاہ نے بتایا کہ کراچی میں لیاری جو کہ منی بلوچستان کہلاتا ہے وہاں کے نوجوان آرٹس کونسل کا حصہ ہیں، ہمارے ہاں خضدار کے بچے بھی پڑھنے آتے ہیں، میرے پاس ایک چشمہ ہے جس سے سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ یہ سیاسی نہیں ثقافتی فیسٹیول ہے، پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں سیاسی سیشن کا مقصد عوامی نمائندوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہے۔