لاہور، 13 مئی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ماضی میں صحت سہولت پروگرام کے نام پر عوام کے اربوں روپے ضائع کرنا ظلم کی انتہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ہیلتھ انشورنس کے ورکنگ گروپ کی سب کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ہیلتھ انشورنس میں اصلاحات کا جائزہ لیا۔تمام ماہرین نے اس حوالہ سے قیمتی تجاویز اور آراء سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ماضی میں صحت سہولت پروگرام کے نام پر عوام کے اربوں روپے ضائع کرنا ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد میاں نواز شریف نے عوام کی بہتری کیلئے ہیلتھ انشورنس کا پروگرام شروع کیا تھا،اب ہمیں ہیلتھ انشورنس کے پروگرام میں خرابیوں کو دور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی استدکار بڑھانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ہیلتھ انشورنس پروگرام کے فنانشل ماڈل کو بہتر کرنا ہوگا۔ ہمارے لئے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریض سب سے اہم ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالہ سے ایکسپرٹس کی حتمی تجاویز اور آراء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پیش کی جائیں گی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، ڈاکٹر علی ایاز صادق، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل اور ڈاکٹر زاہد پرویز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے پرنسپل شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری اور پرنسپل بہاول پور میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے شرکت کی۔