صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر سے برٹش ہائی کمیشن کے وفد کی ملاقات

26

 

 

لاہور، 14 مئی( اے پی پی ):صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں برٹش ہائی کمیشن کے وفد سے ملاقات کی ۔صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا برٹش ہائی کمیشن کے وفد کے ساتھ یونیورسل ہیلتھ انشورنس سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے 2015 میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کیا تھا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے 2015 میں بھی ہیلتھ انشورنس پروگرام بارے رہنمائی فرمائی تھی،ہیلتھ انشورنس پروگرام کو یونیورسل کرکے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے گئے۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کو عوام کیلئے سود مند بنانا چاہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنی تمام تر توجہ نظام صحت کی بہتری کیلئے مرکوز کئے ہوئی ہیں۔ہیلتھ انشورنس پروگرام کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برٹش ہائی کمیشن کے وفد کا پنجاب حکومت کو صحت کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو ری ویمپ کرنے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کا فنانشل ماڈل بہتر کرنا ہوگا۔ ٹیچنگ ہسپتالوں کی چلڈرن ایمرجنسز کے حالات بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق و دیگر افسران نے شرکت کی۔برٹش ہائی کمیشن کے وفد میں فارن، کومن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس سے کورڈ سٹرونوج، ڈاکٹر سارہ شہزاد، جو مائر، مریم اور ڈاکٹر ککلزیاد، راؤف گنڈاپور، عین المعین، جیبولانی نینوا اور محمد وسیم شامل تھے۔