صدر مملکت آصف علی زرداری کا راولپنڈی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

20

اسلام آباد، 14 مئی (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے منگل کو  راولپنڈی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ،گرین پاکستان انیشیٹو کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر انہیں  انیشیٹو اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلٰی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 صدر مملکت کو جدید خطوط پر پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے آگاہ کیا گیا اور گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زراعت، نہروں کی صفائی، آئی ٹی پر مبنی آپریشنز، اور زرعی شعبے میں پانی کے موثر انتظام، کسانوں کی سہولت اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے زرعی مالز کے تصور اور ایگریکلچر اسمارٹ فارمز کے آپریشنز بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

صدر پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت گرین پاکستان انیشیٹو اور  لینڈ انفارمیشن اینڈ منیجمنٹ سسٹم کی خدمات کو سراہتے ہوئے گرین پاکستان انیشیٹو ٹیم کی حوصلہ افزائی، قومی و اقتصادی ترقی کیلئے یکساں جذبے کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔

صدر مملکت نے پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے گرین پاکستان انیشیٹو کے مقاصد کے حصول کیلئے تمام صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔