ملتان؛ وفاقی محتسب ریجنل ہیڈ محمود جاوید بھٹی کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم اور کمشنر سے ملاقات،سالانہ رپورٹ پیش کی

27

ملتان، 15 مئی (اے پی پی ): وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ محمود جاوید بھٹی اور سینئر انوسٹیگیشن آفیسر ڈاکٹر زاہد ملک نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم ربانی اور کمشنر ملتان  مریم خان سے  ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی محتسب کی کارکردگی اور اغراض ومقاصد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمود جاوید بھٹی نے بتایا کہ 2023 ءمیں سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف ریکارڈ 194,099 شکایات پر کارروائی کی گئی ہے گزشتہ سال کی نسبت  سال 2023 ء میں شکایات پرکارروائی میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، ٹوٹل شکایات میں سے 193,028 کا ازالہ کیا گیا ، اور سال 2022 کے مقابلے میں شکایات کی وصولی میں سال 2023 میں 22 فیصد تک کا  اضافہ ہوا۔

سینئر انوسٹیگیشن آفیسر ڈاکٹر زاہد ملک نے ملاقات میں  وفاقی محتسب کی کارکردگی اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔  انکا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف شکایت کنندگان کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کر رہا ہے، مزید یہ کہ سال 2023 ءمیں 49,190 شکایات آن لائن موصول ہوئیں ، گزشتہ سال کی نسبت آن لائن وصولی میں 47 فیصد اضافہ ہوا اور موبائل ایپ کے ذریعے 22,321 شکایات موصول ہوئیں، سال 2022 کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہاکہ محتسب ٹیکنالوجی کی مدد سے مقدمات کا جلد ازالہ کررہا ہے، دور دراز علاقوں تک رسائی بڑھا رہا ہے، نئے علاقائی دفاتر ، کھلی کچہریوں ، تنازعات کے غیر رسمی حل اور انسپکشن ٹیموں کے دوروں سے شکایات کے ازالے میں مدد مل رہی ہے اور  شکایات کے اندراج میں اضافہ ہو رہا ہے اسی طرح وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کے دفتر نے ریکارڈ 202,367 شکایات پر کارروائی کی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وفاقی محتسب کی فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کو سراہا اور ادارہ کی آگاہی ، لوگوں تک  رسائی بڑھانے  کیلئے مدد کی پیشکش کی۔

 کمشنر ملتان مریم خان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے ساتھ مل کر وفاقی محتسب کا کردار لوگوں میں اجاگر کریں گے تاکہ پسماندہ علاقوں میں لوگ وفاقی محتسب کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔