اوکاڑہ، 20 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) فرخ عتیق خان نے بینظیر انکم سپورٹ سنٹر کے زیر انتظام گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کامرس کیمپ سائٹ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کیمپ سائیٹ میں آئی خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کا آن لائن ریکارڈ بھی چیک کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فضیلت عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیمپ سائٹ میں مستحق خواتین میں رقم کی فراہمی کا آج پہلا دن ہے،مستحق خواتین جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرا م میں رجسٹرڈ ہیں ان کو اپریل سے جون تک 10ہزار 5سو روپے کی قسط فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ضلع بھر میں 1لاکھ 45ہزار مستحق خواتین کو یہ قسط باعزت طریقہ سے دی جائے گی اس سلسلہ میں خواتین کے بیٹھنے کے لئے کرسیوں،پینے کے لئے صاف ٹھنڈا پانی،سایہ دار جگہہ، پنکھوں اور ایمرجنسی کی صورت میں ہیلتھ کاؤنٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) فرخ عتیق خان نے بہترین انتظامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فضیلت عمر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں انتظامات مزید بہتر کئے جائیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کاعملہ خواتین سے خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی سے پیش آئے ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفی جٹ و دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔