پشاور،20 مئی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ خیبر پختونخوا سراج الحق کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، انکے ہمراہ ڈائریکٹر آڈٹ سفیر اللہ بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سراج الحق نے گورنر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے اخراجات و محصولات کے آڈٹ سے متعلق محکمانہ فرائض سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے تفصیلات میں بتایا کہ صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے اخراجات و محصولات سے متعلق سالانہ آڈٹ رپورٹ تیار کے آئین کے آرٹیکل 171 کی تعمیل میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے گورنر کو پیش کی جاتی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے زیراہتمام صوبوں میں قائم آڈٹ اداروں کےکردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے آڈٹ ایک بنیادی جزو ہے، مالی امور میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے شفاف آڈٹ و احتساب کا نظام ناگزیر ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ مالی بے قاعدگیوں کے براہ راست اثرات معاشی نظام پر پڑتے ہیں،تمام محکموں کو مالیاتی اخراجات سے متعلق قواعد و ضوابط کی پابندی یقینی بنانی چاہئے۔