ڈسٹرکٹ فلڈ سیفٹی اینڈ ریلیف پلان سے متعلقہ محکموں کی فلڈ فائٹنگ کے سلسلے میں موک ایکسر سائز

13

بھکر، 22 مئی(اے پی پی):ڈسٹرکٹ فلڈ سیفٹی اینڈریلیف پلان سے متعلقہ محکموں کی فلڈفائٹنگ کے سلسلہ میں استعدادکار اورتیاریوں کو جانچنے کیلئے موک ایکسرسائیز (فرضی مشق)داجل چیک پوسٹ کے قریب دریائے سندھ کے ساتھ واقع جھیل پر منعقد کی گئی جس کااہتمام ریسکیو 1122کے مقامی یونٹ نے دیگر محکموں کے اشتراک سے کیا۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی،اے سی بھکر رانا غلام مرتضیٰ،اے سی دریا خان ذیشان شریف قیصرانی،اے سی کلورکوٹ ذوالفقار علی خان کے ہمراہ موک ایکسرسائز کامعائنہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرعبید اللہ خان ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان ،زراعت ،انہار اوردیگر معاون محکموں کے افسران بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے معائنہ کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے قائم کیے گئے کیمپوں میں آزمائشی انتظامات کاجائزہ لیااورجھیل میں ریسکیو 1122  کی آزمائشی امدادی ایکسر سائز میں عملی طور پر حصہ بھی لیا۔

انہوں نے فلڈموک ایکسرسائز کے انعقاد پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس کو فلڈریلیف سے متعلقہ محکموں کی صلاحیت کارمیں اضافہ کاذریعہ قراردیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کی انتظامیہ کو تاکید کی کہ اس فرضی مشق کی روشنی میں جملہ حفاظتی انتظامات واقدامات کامل تیاری کے ساتھ برقراررکھے جائیں تاکہ فلڈایمرجنسی کی صورت میں امدادی کارروائیاں کم ازکم وقت میں مکمل کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ فلڈموک ایکسرسائیز کی بدولت محکموں کے آپسی اشتراک اورپیشہ ورانہ مہارت کو مزید تقویت ملے گی۔