ملتان :اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، ائیرپورٹ پر سہولیات کو یقینی بنایا جائے ، محمود جاوید بھٹی

29

ملتان، 23 مئی )اے پی پی):وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر ملتان دفتر کے ریجنل ہیڈ محمود جاوید بھٹی نے سینئر انوسٹیگیشن آفیسر ڈاکٹر زاہد ملک اور محمود خان مہے کے ہمراہ ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور وہاں پر وفاقی محتسب پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ون ونڈو آپریشن  ڈیسک کا دورہ کیا، ائیر پورٹ پر تمام وفاقی محکموں کی جانب سے نمائندگان بھی موجود تھے۔ جنہوں نے محتسب کے نمائندوں کی ائرپورٹ پر موجودہ سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا، اس موقع پر محتسب حکام نے ائیرپورٹ پر کسٹم حکام کی جانب سے مسافروں کے لئے شکایات رجسٹر نہ بنانے اور اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا گیا۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے ائیرپورٹ ٹرمینل مینجر میمونہ حفیظ نے محتسب کے نمائندگان کو مسافروں کے لئے فراہم کی گئی سہولیات کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور ائیرپورٹ کے تمام شعبوں کا دورہ بھی کروایا گیا، محمود جاوید بھٹی نے ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں سے ان کو درپیش آنے والے مسائل سننے کے بعد ائرپورٹ کے تمام متعلقہ حکام کو مسافروں کو درپیش مسائل کے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے، ان کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب پاکستان نے 2015 میں تمام وفاقی محکموں کے ساتھ مل کر پاکستان بھر کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ جہاں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان  موقع پر موجود ہوتے ہیں اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو درپیش مسائل کا فوری حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس موقع پر سینئر انویسٹیگیشن آفیسر ڈاکٹر زاہد ملک کا کہنا تھا کہ مسافروں کے جلد حل کے لیے وفاقی محتسب کا ادارہ ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہا ہے۔ جبکہ وفاقی محتسب کا ادارہ کسی وکیل کے  بغیر انہیں بلاتاخیر، بلاتفریق اور بلاتعطل سائلین کے مسائل حل کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوامی شکایات کے حل کے لئے سب سے آگے ہے۔ ان کا ادارہ تمام شہریوں کو  وفاقی محکموں کے خلاف سادہ کاغذ پر درخواست یا 1055 پر ایس ایم ایس یا واٹس ایپ، انسٹا گرام یا ای میل کے ذریعے اپنی شکایت اندراج کرا سکتے ہیں۔ ان کے ادارے کی جانب سے سائلین کی درخواستوں پر پیش رفت اور  سماعت کے حوالے سے درخواست گزار کو ایس ایم ایس بھی بھیجا جاتا ہے اور 60 دن کے اندر سائل کے مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے ویژن کے مطابق عوام کو انصاف کی فراہمی جاری ہے۔ وفاقی محتسب کے تمام علاقائی دفاتر عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور وفاقی اداروں سے متعلق شکایات لوگوں کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کررہے ہیں۔   ائیرپورٹ پر موجود مسافروں کی جانب سے وفاقی محتسب کے ادارہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور خوشی کا اظہار کیا کہ ہمارے ملک میں ایک ایسا بھی ادارہ ہے، جو بالکل مفت اور فوری انصاف فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔