سرگودھا: بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے کورسز مکمل کروانا ویکسنیٹر کی بنیادی ذمہ داری ہے،ڈی سی کیپٹن(ر)اورنگزیب حیدر خان

35

سرگودھا (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے کہا ہے کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے کورسز مکمل کروانا ویکسنیٹر کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس اہم امور کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے ویکسنیٹر کو ملازمت پر رہنے کا کوئی حق نہیں، محکمہ صحت کے افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکہ سے محروم نہ رہے ۔ ہر یونین کونسل میں ویکسنیٹر کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ احکامات انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات اور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس میں جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے گیارہ یونین کونسلوں میں ویکسنیٹرز کے دفاتر نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی او ہیلتھ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوائیں تاکہ انہیں موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے سی او ہیلتھ سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران کو طبی مراکز کے روزانہ کی بنیاد پر دوروں کو یقنیی بنانے ، جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کروانے کے ساتھ کوالٹی پر خاص توجہ دینے کی بھی ہدایت کی ۔

 ڈپٹی کمشنر نے تمام طبی مراکز پر بائیو میٹرک حاضری کا نظام وضع کرنے کے ساتھ مشینری اور ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی میں حفاظتی ٹیکہ جات کی ایک بڑی مہم شروع کی جائے گی۔

 مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایسے بچے کو جو کسی وجہ سے کوئی حفاظتی ٹیکہ لگوانے سے محروم رہ گئے ہیں ان کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں انسداد ڈینگی ٹیموں کی ایک ہفتہ کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درجہ حرارت میں شدت سے ڈینگی کے پھیلنے کا خدشہ کم ہوگیا ہے تاہم انسدادی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے ۔ ان ڈور سرگرمیوں پر خاص توجہ دی جائے اور مشتبہ مقامات کی مانیٹرنگ بھی جاری رکھی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ برسات کا موسم شروع ہونے والا ہے لہذا اس سے قبل تمام انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال اب تک 3 ہزار 754 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے صرف دو کیس کنفرم آئے ہیں جو مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف پر رواں ہفتہ 32  یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں جبکہ 8 کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئی ہیں۔ انسداد ڈینگی ٹیموں نے رواں ہفتے 389 ہاٹ اسپاٹ کا معائنہ کیا۔118 ان ڈور اور 284 آؤٹ ڈور سرگرمیاں انجام گئی پیں۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم کے علاؤہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔