ملتان، 27مئی ( اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پلاسٹک بیگ اور شاپرز پر پابندی عائد کردی گئی ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے پلاسٹک بیگز،پلاسٹک بوتلوں اور شاپرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو روکنے کیلئے شاپرز اور پلاسٹک بیگز استعمال نہیں ہونے دینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فیضان احمد ریاض سمیت ضلعی حکام نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ تمام ضلعی محکموں کو اوپن ڈور پالیسی یقینی بنانے کا الٹی میٹم دیا ہے جبکہ فوری عوامی ریلیف کیلئے تمام دفاتر میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام میں شاپر بیگ کے نقصانات کے حوالے سے موثر آگاہی مہم چلائی جائے اس حوالے سے تاجر برادری اور سٹیک ہولڈرز کو شاپرز بیگ کے متبادل بیگز بارے راغب کیا جائے گا۔