گورنر پنجاب سے معروف صنعت کار خواجہ جلال الدین رومی کی ملاقات ، گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

10

لاہور،29مئی  (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے بدھ  کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں معروف صنعت کار،سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان ،ڈیرہ غازی خان سے خواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی۔خواجہ جلال الدین رومی نے گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی ۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جلال الدین رومی کی سماجی خدمات کو سراہا۔ملاقات کے دوران تعلیم اور ملکی معیشت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی وفاقی اور پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبے کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اچھا کام کر رہی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام سے سٹاک ایکسچینج سمیت معیشت کے دیگر اعشاریوں میں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی شعبے کو سہولیات دینے کے لیے پرعزم ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی کے لیے فوری طور پر وائس چانسلرز کے تقرر کے لیے سرچ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ جامعات میں مستقل وائس چانسلرز اور دوسری اہم  پوسٹوں پر مستقل تعیناتیوں سے تحقیق و تدریس کے کام میں بہتری آئے گی۔

معروف صنعت کار و سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ صنعت کار معاشرے میں بڑی آبادی کو روزگار مہیا کرنے کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوصنعت کاروں کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔جلال الدین رومی نے کہا کہ فائونڈیشن جنوبی پنجاب میں صاف پانی ،مستحق افراد میں روزانہ کھانے کی فراہمی اور صحت عامہ کے دیگر منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔اس سلسلے میں ہمیں حکومت کی سرپرستی کی ضرورت ہے ۔

خواجہ جلال الدین رومی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو جنوبی پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے  کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔