عام شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول سمیت مجموعی خدمات کو ہر ممکن سہل بنانا چاہئے؛ گورنر خیبرپختونخوا

23

پشاور،29 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موبائل نادرا رجسٹریشن کی سہولیات دیہی علاقوں میں صبح و شام بنیادوں پر ہونی چاہئے، عام شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول سمیت مجموعی خدمات کو ہر ممکن سہل بنانا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈی جی نادرا ریجنل ہیڈ آفس خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں صوبہ بھر میں جاری نادرا موبائل وین سے قومی شناختی کارڈ رجسٹریشن مہم پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ شناختی کارڈز کے اجراء، تصدیقی عمل سمیت نادرا کیجانب سے شہریوں کو فراہم کی جانیوالی دیگر خدمات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں ڈی جی ڈی جی نادرا ریجنل ہیڈ آفس خیبرپختونخوا خالد عنایت اللہ نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم نادرا دفاتر سے شہریوں کو ہر ممکن خدمات فراہم کی جا رہی ہیں،شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے،ڈی آئی خان میں پنیالہ میں نیشنل رجسٹریشن سنٹر کا قیام، پہاڑپور میں قائم این آرسی کی اپ گریڈیشن اور کڑی خیسور میں نئے این آر سی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے  نادرا کے دفاتر میں پاسپورٹ کاؤنٹر کے قیام کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر سطح پر نادرا کے سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیا جائے،تحصیل ہیڈکوارٹر سطح پرسی ایف سی کے قیام سے مقامی افراد کیلئے نادرا سہولیات میں آسانیاں پیدا ہونگی،دیہی علاقوں کے شہریوں بالخصوص بزرگ و خواتین کو قومی شناختی کی تجدید و رجسٹریشن میں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔