ملتان،03 جون(اے پی پی ): امیر جماعت اسلامی ملتان و دینی سکالر ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا ہے کہ حج کے دوران سب کا ایک جیسا احرام پہنا پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب انسان برابر ہیں اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے معزز شحص وہ ہے جو سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا ہے۔
حج کے حوالے سے اے پی پی کو اپنے ویڈیو پیغام ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ ہر وہ مسلمان جو سفر حج کے اخراجات پورے کر سکتا ہو اس پر زندگی میں ایک بار حج فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ذلحج کے مہینے میں اٹھ ذلحج سے لے کر بارہ یا تیرا ذلحج تک حج کے ایام ہیں، اللہ تعالٰی نے ان ایام کے حوالے سے یہ فرمایا ہے کہ جو شخص بھی ان دنوں میں حج کا ارادہ کرے اُس کے لیے ضروری ہے نہ تو حج کے دوران خاص طور احرام کی حالت میں جھگڑا کرے، نہ اللہ اور کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کا عمل کرے، نہ کوئی شہوت یا فحش بات یا فحش عمل کرے۔
ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ حج کے لیے پوری دنیا سے اہل ایمان اللہ تعالیٰ کے گھر کی زیارت کے لیے جاتے ہیں، چاہے وہ امیر ہوں، غریب ہوں ، بادشاہ ہوں ، غلام ہوں ، صدر یا وزیر اعظم ہوں یا عام آدمی، سب دو کپڑے کا لباس پہنتے ہیں جو کہ بغیر سلی ہوتی ہیں، یہ ایک بہت بڑا عظیم الشان پیغام ہے کہ اپنے رب کی حاضری کے موقع پر نہ کوئی بڑا ہوتا ہے نہ کوئی چھوٹا بلکہ رب کے نزدیک سب سے زیادہ پسندیدہ وہی شخص ہے جس کے بارے میں اللہ تعالٰی نے خود فرمایا کہ تم میں اللہ کے نزدیک سب سے معزز شحص وہ ہے جو سب سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج کا عمل ایک مشکل عمل ہے خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کو مشقت کہا ہے اور حج کے عمل کو خواتین کے لیے جہاد کے برابر قرار دیا ہے۔