اوکاڑہ, 03 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان صحت سہولیات کا جائزہ لینے بنیادی مراکز صحت 23ٹو ایل اور بنیادی مراکز صحت 25ٹو آرپہنچ گئے۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مراکز صحت میں لیبر روم،ان ڈور وارڈز،ڈسپنسری،میڈیسن سٹورز،پولیو فکسڈ ویکسی نیشن سائٹ سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔انہوں نے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ ساتھ ادویات کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ انہوں نے بنیادی مراکز صحت میں آنیو الے مریضوں اور ان کے لواحقین سے فراہم کی جانیو الی سہولیات سے متعلق بھی دریافت کیا انہوں نے بنیادی مراکز صحت میں قائم پولیو ویکسی نیشن کاؤنٹرپر بچوں کو قطرے پلائے جانے کا ریکارڈ بھی چیک کیا ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات کرنے کی خواہاں ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مریضوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں،رورل ہیلتھ سنٹرز،بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔