اسلام آباد، 6 جون ( اے پی پی): اسپیکرسردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کےموجودہ سیشن کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی جماعتوں کے وہپ صاحبان اور پارلیمانی لیڈرز نے شرکت کی۔
قومی اسمبلی کے آج سے شروع ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیےکے حوالے سے معاملات طے ہوئے۔اجلاس میں بجٹ کے متوقع شیڈول کی حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔صدر کے خطاب پر پیش کردہ شکریہ کی تحریک پر بحث 6 اور 7 جون کو جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
متوقع شیڈول کی مطابق مالی سال 2024-25 کا بجٹ 12 جون 2024 کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔متوقع شیڈول کے مطابق اجلاس میں 13 سے 19 جون تک وقفہ کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جون کو وقفے کے بعد دو بارہ شروع ہو گا۔کٹوتی کی تحاریک پر بحث 26 اور 27 جون کو ہو گی۔متوقع شیڈول کے مطابق فنانس بل پر بحث اور منظوری کے حوالے سے 28 جون کی تاریخ مختص کی گئی ہے۔
متوقع شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کا موجودہ اجلاس 29 جون تک جاری رہے گا۔واضح رہے بجٹ کے حوالے سے تجویز کردہ شیڈول حتمی نہیں اور اس میں حالات کے مطابق ردوبدل بھی کیا جاسکتا ہے ۔