لاڑکانہ:بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل خواتین کی عزت و تکریم کے ساتھ مالی مدد کی جائے ، چیئر پرسن سینیٹر روبینہ خالد

28

 

لاڑکانہ ۔10جون(اے پی پی)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن سینیٹرروبینہ خالدگڑھی خدابخش پہنچیں، انہوں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس پروگرام میں شامل خواتین کو عزت اور تکریم کے ساتھ ان کی مالی مدد کی جائے۔

 صدر پاکستان آصف علی زرداری کی اس سلسلے میں واضح ہدایات ہیں جبکہ ڈیوائس مافیا اور کٹوتی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے اس سلسلے میں ہم زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، شہیدبینظیر بھٹو کا کام اور ان کا مقصد خواتین کو بااختیار اور تربیت فراہم کرنا تھا جس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مستحق خواتین کو اے ٹی ایم کارڈ کے توسط سے رقوم کی ادائیگی کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ادائیگیوں کے نظام کوبہتر کرنے کےلئے ہم نے مختلف شہروں میں سینٹرز کا نفاذ کیا ہے جہاں ایک ہی جگہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے افسران کے زیر نگرانی رقم کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

روبینہ خالد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں اسکلز اور تربیت یافتہ نوجوانوں اور افراد قوت کی ضرورت ہے اسی تناظر میں اس پروگرام میں ہماری کوشش ہے کہ مستحقین کے اہل خانہ کے لیے ہنر سکھانے کا انتظام کیا جائے اس سلسلے میں جلد اسکل ڈویلپمنٹ کورسز کرائے جائیں گے تاکہ وہ باعزت روزگار کماسکیں اس سلسلے میں ہم نے متعدد پاکستانی اور بیرون ملک اداروں سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ہنر فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بےنظیر بھٹو کے نام سے منسوب ادارے کی سربراہی ملنا ان کیلئے خوش نصیبی ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ دن رات جدوجہد کرکے مستحقین کو ان کے حقوق دلانے میں وہ کامیابی حاصل کرسکیں۔