گلگت؛ چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کا ہنزہ اور نگر میں خواتین کیلئے قائم ریسورس سینٹرز کا افتتاح

16

گلگت،11جون  (اے پی پی):چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن حکومت پاکستان نیلوفر بختیار نے ہنزہ اور نگر میں خواتین کیلئے قائم ریسورس سینٹرز کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر وویمن ڈیویلپمنٹ و سوشل ویلفیئر دلشاد بانو،صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان، سیکریٹری ترقی نسواں گلگت بلتستان فدا حسین و دیگر بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مضبوط قانونی فریم ورک کو بڑھانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے جو کہ حکومت گلگت بلتستان کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے گلگت بلتستان سے محبت ہے اور یہاں کی خوبصورتی پوری دنیا سے منفرد پائی،اللہ نے گلگت بلتستان کو بےپناہ ٹیلنٹ سے نواز ہے،انہوں نے خواتین کو با اختیار بننے پرزور دیا۔

اس موقع پر صوبائی وزراء دلشاد بانو  اور ثریا زمان نے چیئرپرسن  نیلوفر بختیار کی طرف سے گلگت بلتستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خواتین کے حامی قوانین اور اقدامات کی تیاری میں معاونت اور مدد کی تعریف کی۔

صوبائی وزراءنے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خطے کے مسائل کا ادراک ہے،گلگت بلتستان حکومت ان مسائل کے پائیدار حل کیلئے اقدامات کررہی ہے۔خطےمیں خواتین ریسورس سینٹرز ناگزیر تھا اسلیئے ان سینٹرز کے قیام میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کی انتھک محنت اور کوششیں قابل تعریف ہے۔انہوں نے اگلے مرحلے میں دیامر میں بھی ریسورس سینٹر کے قیام کیلئے یقین دہانی کرائی۔

تقریب سے   سیکریٹری سوشل ویلفیئر فدا حسین نے بھی خطاب کیا۔واضح رہے کہ یہ ریسورس سینٹرز محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ اینڈ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان ریسورس سینٹرز میں آئی ٹی سینٹر،ڈے کیئر،سلائی کڑھائی،دستکاری،فٹنس سینٹر،امور خانہ داری کیلئے کچن کا نظام بھی موجود ہیں۔