پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے، سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں؛حمود محمد ناصر الحمدان

16

پتوکی، 13 جون(اے پی پی): پاکستان کے سرکاری مہمان و سابق ممبر قومی اسمبلی کویت حمود محمد ناصر الحمدان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے، سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں۔

 حکومت پاکستان کی دعوت پر آنے والے سابق ممبر قومی اسمبلی کویت حمود محمد ناصر الحمدان نے سماجی رہنماء اور بزنس مین ماجد علی چوہدری کی دعوت پر پتوکی کے علاقہ حسین خان والا کا دورہ کیا جہاں انکا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے، انکی صدر پاکستان، اسپیکر پنجاب اسمبلی، سیکرٹری قانون، اور دیگر پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں ہوئیں ہیں اور اسی سلسلہ میں انہوں نے مری، نتھیاگلی، ایبٹ آباد اور دیگر مقامات کا دورہ کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے جو نرسز، ڈاکٹر اور دیگر لیبر کویت لیکر گئے ہیں وہ بہت اچھا کام کررہے ہیں اور آئندہ بھی مزید پاکستانی ورکرز کو کویت میں روزگار کے مواقع فراہم کریں گے۔

 انہوں نے سماجی رہنماء اور بزنس مین ماجد علی چوہدری کے ساتھ مل کر پاکستان میں یونیورسٹی بنانے کا عزم کیا اور اسی سلسلہ میں انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔