میرپورخاص،14 جون( اے پی پی ): آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے احکامات کی روشنی اور ڈی آئی جی پی میرپورخاص رینج جاوید سونہارو جسکانی کی ہدایت پر ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری کی جانب سے عید الضحٰی کے موقع پر اپنے شہداء کو یاد رکھنے کی روایت کو برقرار رکھا گیا۔
ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری کی شہداء کےگھر آمد، اس موقع پر ایس ایس پی میرپورخاص کے ہمراہ متعلقہ ایس ایچ اوز نے شہداء کے گھروں کا دورہ کیا۔اس دوران ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری نے شہداء کے ورثاء بچوں سے ملاقات کی، اور ان کے مسائل و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
ملاقات میں بہادری سے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہادت پانے والے شہداء کی بے مثال قربانیوں، اور شجاعت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چوہدری کا کہنا تھا کہ، شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، پولیس کے شہداء ہمارا فخر ہیں ۔
ایس ایس پی میرپورخاص کی جانب سے شہداء کے ورثاء میں تحائف اور عیدی کے چیک تقسیم کئے گئے۔











