لاہور، 17 جون (اے پی پی): پاکستان بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں عوام سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔10 ذی الحج 1445 کو آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔علماء کرام نے اس بات پر زور دیا کہ عید الاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے قربانی کے جذبے میں غریبوں کو بھی یاد رکھنے اور اپنی خوشیوں کا حصہ بنانے کا درس دیا۔ضلعی اور شہری انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔عیدالاضحیٰ کے روز سکیورٹی کے بھی مربوط انتظامات کیے گئے ہیں لاہور پولیس کی جانب سے شہر میں نماز ِعید کی سیکیورٹی کے لیے 06 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز، 480 اپر سبارڈنیٹس سمیت 06 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔