نوشہرہ ورکاں ۔ 18 جون (اے پی پی):ملک بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میں بھی سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے عید الاضحیٰ کے دوسرے روز قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور اجتماعی سات قربانیوں کے لیے خرید کیے گئے بڑے جانور بیل ،بھینسے،بکرے ،چھترے ،اور دنبے کی قربانیاں کی جارہی ہیں اور قربانی کے جانوروں کی کھالیں مدارس اور این جی اوز کے ذمہ داران کے حوالے کیے جانے کا سلسلہ چل رہا ہے اگرچہ اس مرتبہ عید قربان کے موقع پر جانوروں کی قیمتیں توقعات سے بڑھ کر تھیں اور بحساب وزن بکرے چھترے کا گوشت فی کلو تین ہزار، دنبے کا گوشت 2500 سو روپیے ، جبکہ بھینسے اور بیل کا گوشت بارہ سو روپیے فی کلو میں پڑا اور مارکیٹ میں جانوروں کی کمیابی اور مہنگائی کے پیش نظر بعض لوگ چاھتے ہوئے بھی جانور خرید نہ سکے اور گوشت کی تلاش میں رہے جبکہ چرمہائے قربانی کے ریٹ گزشتہ کئی سالوں کی نسبت زیادہ ہیں اور قصابوں کی بھی ان دنوں چاندی بنی ہوئی ہے۔