لاہور؛ 18 جون(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق عید کے دوسرے روز بھی صفائی انتظامات کا جائزہ لینے میں مصروف رہے۔کمشنر زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، چیف آفیسر ایم سی ایل علی عباس بخاری بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی وزیر نے برکت مارکیٹ میں ایل ڈبلیو ایم سی کے آگاہی کیمپ اور کولیکشن پوائنٹ کا معائنہ کیا اور اللہ ہو چوک، اڈہ پلاٹ کے کولیکشن پوائنٹس بھی گئے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے انتظامات پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے عملہ صفائی میں مٹھائی، لنچ بکس عیدی تقسیم کی اور شاباش دی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ عید کے روز صرف لاہور سے 16 ہزار ٹن الائشیں اٹھائی گئیں، عید کے دوسرے روز 12 بجے تک مزید 5 ہزار ٹن الائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر نگرانی 72 گھنٹے تک عید آپریشن جاری رہے گا، وزیر بلدیات نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، سمبڑیال اور ڈسکہ بھی جا رہا ہوں، پنجاب بھر میں میونسپل ادارے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں متحرک ہیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ عوامی شکایات کا گھنٹوں نہیں منٹوں میں ازالہ کیا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ صفائی رکھنے میں عوام کے تعاون پر بھی شکرگزار ہیں، محکمہ لوکل گورنمنٹ وزیراعلیٰ کے ستھرا پنجاب ویژن پر عمل پیرا ہے، ایل ڈبلیو ایم سی مبارکباد کی مستحق ہے، ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں۔