سیالکوٹ، 19 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی کے ہمراہ عید کے دوسرے روز سمبڑیال اور ڈسکہ کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے شہر اقبال اور ضلع بھر میں عید کے موقع پر صفائی کیلئے انتظامات بارے بریفنگ دی، اسسٹنٹ کمشنرز احسن ممتاز، انورعلی کانجو اور بلدیاتی اداروں کے چیف آفیسرز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کےجانوروں کی آلائشیں اٹھانے سمیت صفائی کے جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے جس کے لئے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے فعال ہیں اور زیر و ویسٹ الیسی کے تحت افسران و عملہ فیلڈ میں موجود ہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب خود بھی صفائی کے حوالے سے تمام آپریشنز کو مانیٹر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے لئے صوبہ بھر میں 32لاکھ تھیلے تقسیم کیے گئے ہیں، تمام بڑے شہروں میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جہاں شہری صفائی کے حوالے سے اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ہیڈ آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اکھٹی کرنے کیلئے سیالکوٹ میں 288 کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں ضلع بھر میں پہلے دو دن کے دوران 5300ٹن آلائشیں ڈمپنگ پوائنٹس پر پہنچا ئی گئی ہیں جنہیں محفو ظ طریقے سے ڈمپ بھی کیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں ہیلپ لائن 1139پرموصول ہونے والی تمام شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نویدحیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں ،صفائی کیلئے آپریشنز (آج)تیسرے دن بھی جاری رہیں گے۔