غیر روایتی برآمدات فروغ دینے کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ہمیں وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں،وزیراعظم شہباز شریف

30

غیر روایتی برآمدات فروغ دینے کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ہمیں وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد، 21 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے معروف برآمد کنندگان کے وفد نے جمعے کے روز ملاقات میں صنعتوں کے لئے بجلی کے نرخ میں کمی کے حوالے سے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کو زبردست خراج تحسین کرتے ہوئے اسے صنعتی اور برآمدی شعبے کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔

وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد کا کہنا تھا کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں اور ٹیکس چوروں کو سزا دلوانے کے حوالے سے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وفد کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک تبھی ترقی کرے گا جب برآمدی شعبہ تیز اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھے گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیر روایتی برآمدات فروغ دینے کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ہمیں آج وہ فیصلے کرنے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوں اور جس سے برآمدات اور جی ڈی پی کے تناسب کو بڑھایا جا سکے۔

وزیراعظم نے برآمد کنندگان کے تمام مسائل کے فوری حل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو تاکید کی اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزراء کو وفد کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے تاجروں اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، سلمان احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی-