ملتان، 22 جون )اے پی پی):عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم و پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کے سلسلے میں ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ بار ہال میں میزبان سینئر رہنما پی پی پی و سابق صدر ہائیکورٹ بار حبیبِ اللہ شاکر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی جانب سے سالگرہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کیک کاٹا گیا ۔
سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین معاشی و سیاسی صورتحال کا سامنا ہے۔ان مسائل کے حل کیلئے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو انسان دوست شخصیت تھیں اور دھرتی کی عوام کے درد کو نہ صرف محسوس کرتی تھیں بلکہ ان کے حل کیلئے بھی آخری سانس تک کوشاں رہیں انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ ان کے زیر قیادت تربیت یافتہ پارٹی کارکن بھی ہمہ وقت پاکستان کے استحکام و سالمیت کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے سیاسی مشن عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کی فراہمی ، ملک سے مہنگائی، بیروزگاری اور ناانصافی کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے ۔
انہوں نے ملک کے تمام شہریوں کو یکساں طور پر بنیادی حقوق کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ ملکی استحکام کیلئے آئین کے آرٹیکل 25 کا اطلاق تمام شعبوں اور اداروں پر ناگزیر ہے۔
ممبر پاکستان بار کونسل مرزا عزیز اکبر بیگ نے بھی ملکی مسائل کو بینظیر بھٹو شہید کے سیاسی فلسفہ کی سے استفادہ پر زور دیا اور نوجوان وکلاء کو نصیحت کی کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ اور افکار کو اپناتے ہوئے ملک میں آئین کی بالادستی قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سیاسی جدوجہد کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب میں صدر ہائیکورٹ بار سجاد حیدر میتلا ۔ جنرل سیکرٹری انیس مہدی زیدی ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان عمران خاکوانی ۔جنرل سیکرٹری سید عارف حسن شاہ ،نشید عارف گوندل، میاں محمد اشفاق حسین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، سید اطہر شاہ بخاری، عظیم الحق پیرزادہ، اللہ نواز وینس، وسیم ممتاز، جاوید اقبال انصاری ،اقبال مہدی زیدی،اقبال سرگانہ، سلیم شہزاد، شہباز ڈوگر، مہروز شاکر، عبداللہ طاہر ودیگر وکلاء نے بھی شرکت کی۔











