اسلام آباد۔ 22 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ( ن)راولپنڈی ڈویژن کے صدر، ایم این اے ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط اور سخت فیصلوں کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سرکاری ملازمین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہوں، پنشن میں حوصلہ افزاء اضافہ کیا گیا ہے۔
ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے ملک ابرار احمد کا کہنا تھا کہ بجٹ سے پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ پنشن پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں ۔
وزیراعظم کی ذاتی کاوشوں کی بدولت ایسا نہیں ہوا۔گریڈ ایک تا 16 ،25 فیصد، گریڈ 17 سے 22 تک 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سولر پینل پر بھی کسی قسم کا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا،حکومت کا مقصد عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جو کام چار سالوں میں نہیں کرسکی وہ کام ہماری حکومت نہ چند دنوں میں کر دکھائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر بجٹ بنانا ناممکن تھا کیونکہ اس بجٹ میں ہر شعبے کو ریلیف دیا گیا ہے۔
ملک ابرار احمد نے کہا کہ آج کچھ مشکلات ضرور ہیں لیکن آنے والا کل روشن ہے۔ آئندہ 2 سالوں کے بجٹ اس سے بھی بہتر ہونگے کیونکہ اس وقت تک آئی ایم ایف سے بھی چھٹکارا مل چکا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف وفاق میں، مریم نواز پنجاب اور اتحادی جماعتیں دیگر صوبوں میں عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔











