فیصل آباد، 26 جون (اے پی پی):انسداد منشیات بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے کنوینر، این جی اونیٹ ورک اے این ایف فیصل آباد کے ڈویژنل صدر اور فیصل آباد ویلفیئر فورم کے صدر ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے کہا کہ نشے کی لعنت نوجوان نسل کو گھن کی طرح چاٹ رہی ہے لہٰذااس عفریت پر قابو پانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو آگے آناہوگاوگرنہ یہ ناسورنشہ بازوں کی انفرادی وخاندانی زندگیوں کوتباہ کرنے کیساتھ ساتھ مجموعی طور پر قوم کو بھی متاثرکرے گا اسلئے یہ منشیات کے خاتمہ کیلئے کام کرنیوالی این جی اوزاور سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ ہمارے متعلقہ حکومتی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک و قوم اور معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا مزید مؤثر کردار ادا کریں اور منشیات تیار، سپلائی و فروخت کرنیوالوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں تاکہ ملک کو انسانی و اخلاقی تباہی اور معاشرتی ومعاشی بگاڑسے بچایا جاسکے۔ وہ بدھ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ آگاہی واک اور تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر چیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی،اینٹی نارکوٹکس فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سلمان ہندل،طلبہ،چیمبر کے ممبران، کاروباری شخصیات، صحافی اور سول سوسائٹی کے اہم افراد بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے منشیات کو عالمی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن دہشت گردی پر خرچ کی جاتی ہے اسلئے اس لعنت کے خاتمہ کیلئے پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف عالمی دن منانے کا مقصد اس برائی کے خلاف جہاد کے عزم کی تجدید کرنا ہے تاکہ نشہ کے خلاف نفرت کو اجاگر کرکے اس کے استعمال پرقابو پایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ انسداد منشیات کا عالمی دن منانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ جو لوگ منشیات کا استعمال کرتے ہیں انہیں منشیات کے نقصانات، اس سے انسانی صحت پر مرتب ہونیوالے منفی اثرات اور منشیات کے استعمال سے روکا جا سکے۔
انہوں نے بتا یاکہ ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 70سے 80لاکھ افراد اس لعنت کا شکار ہیں جبکہ حالیہ سروے کے مطابق ملک میں ہیروئن کا استعمال کرنے والوں کی تعداد 3لاکھ ہے جن میں 15فیصد انجکشن کے ذریعے نشہ کرتے اوراکثریتی نشہ کرنے والوں کی عمریں 15سے 35سال تک ریکارڈ کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس لعنت سے نجات کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں این جی اوز کا کردار قابل ستائش ہے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے مربوط کوششیں کرنے کیساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کیلئے فیصل آباد میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ بحالی سنٹر بھی قائم کیا جاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی منشیات کے خلاف جہاد کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔قبل ازیں واک میں چیمبر کے عہدیداران اور ممبران کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔