کوئٹہ :حکومت منشیات کی روک تھام کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن

18

کوئٹہ۔ 26 جون (اے پی پی):سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید ظفر بخاری نے کہا ہے کہ منشیات کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے منشیات کے عادی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے محکمہ سماجی بہبود کے زیر نگرانی بحالی اور تربیتی مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم انسداد منشیات کے ریلی کے شرکاءسے خطاب میں کیا۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر نصیر اللہ مندوخیل، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے آفیسرز، سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبہ، تاجر برادری اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے نجات تبھی ممکن ہے جب ہم اس ناسور کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کیلئے سماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک اچھا ماحول فراہم کریں ۔  ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نصیر اللہ مندوخیل نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم منشیات سے نفرت کرتے ہیں اور منشیات سے پاک معاشرہ کا قیام محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا خواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کی تباہ کاریوں سے متعلق عوام کو آگاہی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے صوبے کے مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات میں تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جس کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی تباکاریوں سے آگاہ کرنا تھا۔ قبل ازیں عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبا ، تاجر برادری اور زندگی کے مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔