پشاور۔ 27 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے امریکی قونصل جنرل پشاور کے چیف برائے سیاسی و معاشی معاملات ڈسٹن ڈی گرانڈی(Dustin DeGrande) اور افغان مہاجرین کمشنریٹ کے عہدیداران کے ہمراہ غیر سرکاری تنظیم آئیڈیا کے باہمی تعاون سے نوشہرہ پیر پائی کے دیہی مرکز صحت کو مکمل شمسی سسٹم، الٹرا ساونڈ مشین، ڈینٹل یونٹ اور آکسیجن کنسنٹریٹر کی فراہمی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے امریکی قونصل جنرل اور آئیڈیا تنظیم کو خیبرپختونخوا میں بہتر صحت سہولیات کیلئے طبی آلات کی فراہمی میں ان کی تعاون اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات علاقے کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے اور صحت کے شعبے میں ایک مثبت تبدیلی لائیں گے۔
افتتاحی تقریب میں ضلعی محکمہ صحت کے افسران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی اور دیہی مرکز صحت کی بہتری کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔
ڈسٹن ڈی گرانڈی نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ قونصل اور ڈونر تنظیمیں عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں مزید عملی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔