ڈیرہ غازی خان، 29 جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام لوکل گورنمنٹ الیکشن کی حد بندیوں کے حوالے سے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر نعمان فاروق تارڑ نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی الیکشن کیلئے حد بندیاں بہت اہم ہیں اور بلدیاتی الیکشن کو آئین پاکستان میں اہم حیثیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا مقصد شہریوں کے بنیادی مسائل ضلعی سطح تک حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حدبندیوں کا تعین شفاف انداز میں کیا جائے اور کسی پریشر کو خاطر میں نہ لایا جائے کیونکہ شفاف حدبندیوں سے لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔اس موقع پر ریجنل الیکشن کمشنر شکیل احمد، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر امتیاز احمد،الیکشن آفیسر جمیل احمد سمیت ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ضلعی سربراہان،کمیٹی ممبران اور الیکشن کمشنرز موجود تھے۔