انسدادِ پولیو مہم میں سنجیدگی سے اور عبادت سمجھ کر کام کیا جائے . ڈپٹی کمشنر

22

میرپورخاص ، 29 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے انسدادِ پولیو مہم میں سنجیدگی سے اور عبادت سمجھ کر کام کیا جائے کیونکہ پولیو کے خاتمے سے ہی ہمارے بچوں کا روشن مستقبل جڑا ہوا ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں یکم جولائی سے 5جولائی تک ہونے والے انسداد پولیو مہم کی تیاری کے سلسلے میں پولیو پروگرام کے تعلقہ فوکل پرسن سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا . انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران فوکل پرسن ایریا انچارجز اور یو سی ایم اوز کے ساتھ مل کر پولیو مہم کی نگرانی کے لیے دورے کریں اور کہا کہ پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ 48 ہزار پیدائش سے لیکر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف ہر صورت میں مکمل کیا جائے . اجلاس میں بتایا گیا کہ گڏشتہ پولیو مہم کے دوران پولیو کارکردگی کا تناسب 98.3 فیصد رہا جبکہ 100فیصد ہدف حاصل کرنا تھا تاہم 4ہزار 279 بچے پولیو کے قطرے پلانے سے رہ گئے تھے اور ضلع بھر میں پولیو کے  104 انکاری  کیسز  ابھی بھی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ اس مہم کے دوران مذکورہ ہدف پر خصوصی توجہ دی جائے . اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون میرپورخاص غلام دستگیر شیخ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جیرام داس ، تمام تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنرز ، ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوآرڈینیٹر تہور حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالوہاب عباسی ، ضلعی فوکل پرسن پولیو پروگرام ڈاکٹر نارائن داس اور تمام تحصیلوں کے فوکل پرسن اور ویکسینیٹرز نے شرکت کی۔