پشاور،02 جولائی (اے پی پی): تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود رنگ روڈ نزد اباسین یونیورسٹی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ٹریفک پولیس اہلکار محمد طاہر شاہ کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان گنڈا پور،سی سی پی او قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔
آئی جی خیبر پختونخواہ پولیس اختر حیات خان گنڈا پور اور سی سی پی او قاسم علی خان نے شہید کے ورثاء سے بات چیت کی اور محکمہ پولیس کے لئے شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی خیبر پختونخوا نے ورثاء کو یقین دلایا کہا کہ شہید محمد طاہر شاہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد بے نقاب کر لیا جائے گا۔
نماز جنازہ میں پولیس افسران سمیت شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔