لاہور 2 جولائی ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں صنعتکاروں سے ملاقات کی۔اجلاس میں پرونشیل ہائی وے ٹیکس، سیکورٹی، بورڈز آف مینجمنٹ کی تشکیل، اور دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔اجلاس میں پرونشیل ہائی وے ٹیکس کے خاتمے کیلئے متعلقہ محکمے کو خط لکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ، کاروبار کے لئے محفوظ ماحول یقینی بنا کر سرمایہ کاری بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چائنیز کو ڈیوٹی فری بلٹ پروف گاڑیاں منگوانے کی سہولت کیلئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو خط لکھ رہا ہوں سیکورٹی کے نام پر فیکٹریاں بند نہ کی جائیں، صوبائی وزیر نے سی ای او فیسکو کو فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز کے بجلی کے معاملات تیزی سے حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر انڈسٹریل اسٹیٹ کی باؤنڈری وال ہونی چاہئے ۔انہوں نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی باؤنڈری وال 3ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صنعتی مراکز میں 2سال کے اندر انڈسٹری نہ لگانے والے کاپلاٹ ہر صورت کینسل ھو گااب صنعتی مراکز میں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار نہیں ہوگا ۔
انڈسٹریل اسٹیٹس میں حاصل کئے گئے پلاٹوں پر صرف کارخانے ہی لگیں گے، چئیرمین پیڈمک ،چئیرمین اور سی ای و فیڈمک ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، ڈائریکٹر ایکسائز اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام ملاقات میں موجود تھے ملاقات کرنے والے صنعتکاروں میں محمد شہزاد، میاں طارق، آصف مجید، ارشاد آفریدی اور دیگر شامل تھے۔