قصور؛ محرم الحرام میں امن وامان کے حوالے سے ضلعی افسران کا اجلاس ، انتظامات کا جائزہ

22

 قصور،3جولائی(اے پی پی):محرم الحرام کے دوران قصور میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی، ضلع کی تمام امام بارگاہوں، مجالس اور ذوالجناح کے جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے، ڈی سی کمپلیکس میں سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائیگا،تمام پروگراموں کی 24گھنٹے مانیٹرنگ کی جائیگی۔ جلوسوں کے تمام راستوں کی صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی افسران کا اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کا قیام ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ شہر کو امن و امان کا گہوارہ بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام کا کردار قابل ستائش اور مثالی رہا ہے، گزشتہ روایات کی طرح اس محرم الحرام کے دوران بھی مثالی مذہبی رواداری، یگانگہت اور بُردباری کی فضا برقرار رہے گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رانا موسیٰ طاہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ایجو کیشن،سی ای او ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، پولیس، ریسکیو،1122واپڈا،چیف آفیسر میونسپل کمیٹیز، سوئی گیس سمیت دیگر تمام ضلعی افسران کی شرکت کی۔