محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کیلئے علماء اور مشائخ اپنا بھرپور کردار ادا کریں، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی  مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

46

ساہیوال،  3جولائی(اے پی پی): محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنوینئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا قافلہ امن ساہیوال پہنچا۔

علامہ رشید ترابی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر مظہر فرید،حاجی احسان الحق ادریس، سردار محمد خان لغاری،مفتی محمد مبشر اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،اے ڈی سی جنرل ساہیوال سید عثمان منیر بخاری،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال محمد عقیل اشفاق اور زونل ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف ضیاء المصطفیٰ بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علماء کرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکے شکر گزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کو پورے پنجاب میں بھیجا تاکہ امن و محبت کا پیغام پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکرکے علماء کرام، مذہبی راہنما اور عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متحد ہوکر امن و سلامتی کے دشمنوں کے تمام ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیں۔ محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کیلئے علماء اور مشائخ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گلگت میں فرقہ وارانہ تنازعہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں علماء نے اہم کردار ادا کیا جس سے سماج دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اور صحابہ کرام کی عزت و تکریم ہمارے مذہب کا حصہ ہے۔ دین برداشت کا نام ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ برداشت پیدا کریں اور اپنے اپنے عقیدے کے مطابق عمل کریں اور دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی بہت ضروری ہے۔

 اجلاس میں تمام علماء اور مندوبین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور کبھی یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، یہاں سے آپکو امن کی خوشبوئیں آئیں گی اور آپ بالکل اس ضمن میں بے فکر رہیں۔ تمام مسالک یہاں پر متحد ہیں اور ایکدوسرے کا احترام کرتے ہیں۔  اجلاس کے اختتام پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی، ملک میں محرم الحرام میں قیام امن، ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔